کیون رڈ جنہوں نے سن دوہزار سات کے انتخابات میں لیبرپارٹی کی انتخابی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا، اب پارٹی میں دھڑے بندی کی وجہ سے اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں ۔ ادھر ڈپٹی پرائم منسٹر جولیا گلارڈ کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد پارٹی کے ایک سو بارہ امیدواروں نے انہیں وزیراعظم منتخب کرلیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیوی وزیراعظم کی تبدیلی اس اعتبار سے بہت اہم ہے کہ ملک میں عام انتخابات اگلے ماہ ہونے والے ہیں ۔ انتخابات سے قبل کیون رڈ کی مقبولیت کا گراف انتہائی نیچے آگیا تھا اور حکمران پارٹی میں ان کی گرتی ہوئی مقبولیت کے باعث تشویش پائی جاتی تھی جس پر انہیں عہدہ چھوڑنے کے لیے کہا گیا ۔ کیون رڈ کان کنی کی صنعت پر ٹیکس لگانا چاہتے تھے جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا ۔ ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہونے والی جولیا گلارڈ انیس سو اکسٹھ میں پیدا ہوئیں اور انہیں اچھا معیشت دان سمجھا جاتا ہے ۔ان کے وزیر اعظم بنتے ہی ملکی سٹاک مارکیٹ میں انتہائی تیزی دیکھی جا رہی ہے۔