لاہورکے حلقہ پی پی ایک سوساٹھ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، مسلم لیگ نون ، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔

پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہوئی جو  شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ خواتین اور مردوں کے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے  ، دوسری جانب ہر پولنگ سٹیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے ۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ نون کے امیدوارملک سیف الملوک کھوکھر، تحریک انصاف کے ملک ظہیر عباس کھوکھر اورجماعت اسلامی کے جہانگیر حسین بارا کے درمیان مقابلہ ہے ۔ حلقے میں ایک سو پینتالیس پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے چھتیس پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیتے ہوئے انتظامیہ نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولنگ سٹیشنز پر کلوز سرکٹ ٹی وے کیمرے اور واک تھرو گیٹس بھی نصب کئے گئے ہیں۔ اس حلقے میں ایک لاکھ ستاسی ہزار نو سو تینتیس ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ۔ ضمنی الیکشن کی نگرانی کے لئے اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے یہ کنٹرول روم صوبائی حکومت سے بھی رابطے میں رہے گا۔ ادھر پنجاب الیکشن کمشن نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر رینجرز کو بھی طلب کیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ سیٹ مسلم لیگ نون کے رانا مبشر کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر خالی ہوئی تھی ۔

ای پیپر دی نیشن