سرگودھا میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پانچ گرفتار امریکیوں کو پندرہ پندرہ سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

سرگودھا جیل میں قید پانچ امریکیوں کو آج سخت سکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملزمان کے خلاف دو سو پچاس سے زائد صفحات پر مشتمل چالان پیش کیاگیا۔ عدالت کے جج میاں انورعزیز نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزموں کو مجموعی طور پر پندرہ، پندرہ سال قید اور ستر، ستر ہزار جرمانے کی سزا سنائی۔ ملزمون کو دی جانے والی سزا میں اتحادی ممالک سے بغاوت پر پانچ، پانچ سال اورپاکستان میں دہشتگردی پر دس، دس سال قید کی سزا شامل ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزموں کو مزید تین، تین ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ عدالتی فیصلے کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا تھا طالبان رہنما قارہ سیف اللہ اس مقدمے میں تاحال اشتہاری ہے۔ پانچوں امریکی شہری سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرسکیں گے۔ انہوں نے امریکیوں کے مقدمے کی تفتیش کرنے والے افسران کو حکومت پنجاب کی طرف سے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ امریکیوں کے خلاف نو دسمبر دو ہزار نو کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن