قمرزمان کائرہ اسلام آباد میں غیرسرکاری تنظیم کے زیرانتظام بجٹ کے حوالے سے دوروزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم پر عمل درآمد کرنے کا مرحلہ کافی کٹھن ہے اور اسے پائے تکمیل تک پہچانے کیلئے کمیٹی قائم کی گئی ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ کے بعد ملکی تاریخ کا پہلا بجٹ دیا گیا ہے، جس میں صوبوں کو ایک ہزار تینتیس ارب روپے دئیےگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بھی وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد سازی کا آغاز کردیا ہے۔ قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت مفاہمت اور مشاورت کی پالیسی کو جاری رکھے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات چاروں صوبوں میں جلد کروائے جائیں گے۔