کراچی (آن لائن) کراچی کی مرکزی شارع، شاہراہ فیصل پر کالج کی منتقلی کے خلاف طلبا نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس دوران ٹائر نذر آتش کرکے روڈ کو بلاک کر دیا جبکہ پولیس نے طلبا پر لاٹھی چارج کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسر ڈاکٹر ناصر انصار نے عدالتی حکم پر علامہ اقبال کالج کے پرنسپلز کو فوری طور پر کالج کی موجودہ عمارت سے منتقلی کے احکامات جاری کر دئیے جس کے بعد کالج کی منتقلی کے خلاف طلبہ نے کالج کے باہر مظاہرہ کیا، طلبہ کا مطالبہ تھا کہ منتقلی روکی جائے کیونکہ علاقے میں دوسرا کوئی کالج نہ ہونے کے باعث طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے۔ طلبہ نے اس موقع پر ٹائر بھی نذر آتش کئے جس پر پولیس نے طلبا پر لاٹھی چارج کرکے انہیں منتشر کر دیا۔ دوسری جانب کالج پرنسپل پروفیسر عابد حسن نے رابطہ کیا ہے ڈی جی کالجز کے احکامات پر کالج کے سامان کی فہرست تیار کی جا رہی ہے اور تحریر احکامات ملتے ہی آج (جمعرات) کالج کی منتقلی شروع ہو جائے گی۔