لاہور (آئی این پی)صوبائی وزیر کوآپریٹو ملک اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ پراونشل کوآپریٹو بینک کے زرعی قرضہ جات کی ریکوری کے لئے افسران وفیلڈ ورکرز کو ٹارگٹ دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے گی۔ کوآپریٹو بینک کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے ٹیم ورک کی حیثیت سے سخت محنت کرنا ہوگی تاکہ بینک پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں عوام کو اپنی خدمت پیش کر سکے۔ اس سلسلہ میں اے ٹی ایم کارڈ ،کسان کریڈٹ کارڈ، موبائل بینکنگ اور انٹرنیٹ بینکنگ کے علاوہ دیگر منافع بخش سکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ بینک کے قرضہ جات پر مارک اپ18 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد تک لانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ لو گ زیادہ سے زیادہ قرضہ حاصل کر کے اپنے روز گار چلا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام کوآپریٹو بینکوں کا آڈٹ کروایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بینک کی صوبہ بھر میں 159 برانچیںتھیں ان میں سے 8 برانچوں کو ناگزیر وجوہات کی بنا پر بند کر دیا گیا۔ اب 151 برانچوں کے ذریعے کاشتکاروں، کسانوں، گھریلو خواتین اور دیگر افراد کو 2 لاکھ روپے مالیت تک قرضہ باآسانی فراہم کیا جا رہا ہے۔