کراچی میں ٹارگٹ کلنگ نہ رکی، تھانیدار، جماعت اسلامی کے کارکن سمیت 7 جاں بحق

Jun 24, 2013

کراچی (سٹاف رپورٹر+ایجنسیاں) کراچی میں گزشتہ روز بھی فائرنگ کے واقعات میں 7 افراد ہلاک کئی زخمی ہوگئے، ایم کیو ایم نے ایم پی اے ساجد قریشی کے قتل کیخلاف لندن کراچی سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے، متحدہ کے وفد نے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کے دوران معاملہ اٹھایا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کراچی کے علاقے سرجانی ٹاو¿ن کے علاقے7ڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کردیا مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد عارف کے نام سے ہوئی مقتول کا تعلق جماعت اسلامی سے بتایا جاتا ہے۔ ادھر سہراب گوٹھ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر عدنان جاں بحق ہو گئے۔ ملیر سٹی ایریا میں واقع زہرہ گارڈن کے قریب بکرا پیڑی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45سالہ راحیل احمد ہلاک ہوگیا۔ اورنگی ٹاو¿ن کے علاقے فقیر کالونی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے غلام عباس نامی شخص جاںبحق ہوگیا۔ ملیر میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، جس کی شناخت عبدالوحید کے نام سے ہوئی جبکہ جوڑیا بازار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے نفیس نامی شخص کو زخمی کر دیا۔ کلفٹن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 9 افراد کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث 11ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، زیر حراست ملزموں میں ایک بھارتی باشندہ بھی شامل ہے۔ گرفتاری کے وقت ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے ایم پی اے ساجد قریشی اور انکے بیٹے کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف مقتول کے بھائی زاہد قریشی کی مدعیت میں نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔ دریں اثناءایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایم پی اے ساجد قریشی اور انکے بیٹے کے قتل کیخلاف کراچی پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا انہوں نے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے لندن میں 10 ڈاﺅننگ سٹریٹ پر برطانوی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر بھی مظاہرہ کیا۔ کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے سلیم اختر ایڈووکیٹ کی قیادت میں ساجد قریشی کے قتل کیخلاف کارکنوں نے احتجاج کیا۔ ادھر مزار قائد کے سامنے ساجد قریشی اور انکے بیٹے کی یاد میں تقریب ہوئی جس میں شمعیں روشن کرکے مقتول ایم پی اے کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں ڈاکٹر فاروق ستار اور عبدالرشید گوڈیل پر مشتمل وفد نے وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان سے انکے چیمبر میں ملاقات کی اور ایم پی اے ساجد قریشی کے بیٹے سمیت قتل کا معاملہ اٹھایا۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر پوری قوم کو تشویش ہے حکومت یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے اغوا اور قتل کی شکایات کی مکمل تحقیقات کرائی جائینگی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے میں جلد کراچی کا دورہ کرونگا۔

مزیدخبریں