لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں پر عالمی ضمیر کیوں خاموش ہے، دو اسلامی ممالک کی پراکسی وار کی وجہ سے پاکستان جہنم بنا ہوا ہے، گرفتار دہشت گردوں کا سپیڈی ٹرائل کر کے انہیں مینارپاکستان پر پھانسی دی جائے، دہشت گردوں کو سزائیں نہ ملنا المیہ ہے۔ جنازوں، ہسپتالوں اور طالبات پر حملہ کرنے والے قبل از اسلام بیٹیوں کو زندہ درگور کرنے والوں سے بھی بدتر ہیں۔ قصاص طلب کرتا ہوا ہجوم سڑکوں پر نکل آیا تو حکمرانوں کے تاج و تخت محفوظ نہیں رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں ”استحکامِ پاکستان کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے مفتی محمد سعید رضوی، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، علامہ حامد سرفراز، مفتی محمد یونس رضوی، صاحبزادہ حسین رضا اور محمد نواز کھرل نے بھی خطاب کیا۔