لاہور(سپورٹس رپورٹر) 29 جون سے ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے جانے والے ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنل ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کی 18 رکنی قومی ٹیم ایم عمران کی قیادت میں کوالالمپور راونہ ہو گئی۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان ٹیم کو ملائیشیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم اپنا پہلا 29 جون کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ ٹورنامنٹ سے قبل پاکستان ٹیم دو پریکٹس میچز میں بھی حصہ لے گی۔ 26 جون کو جرمنی اور 27 جون کو ارجنٹینا کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان ایم عمران نے توقع ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھے نتائج پیش کرنے کی کوشش کرئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف وکٹری سٹینڈ تک رسائی ہے کیونکہ ٹورنامنٹ کی ٹاپ تین ٹیمیں 2014ءکے عالمی کپ ٹورنامنٹ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائیں گی۔ ایم عمران کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے تربیتی کیمپس میں اچھی پریکٹس حاصل کی ہے۔ انشااﷲ قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرینگے۔