اسلام آباد(ثناء نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے موبائل فون سیٹ پر عائد سیلز ٹیکس موبائل فون آپریٹرز کے بجائے موبائل فون سیٹ فروخت کرنے والوں سے وصول کرنے کی تجویز دیدی ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے چیئرمین اسماعیل شاہ کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے موبائل فون سیٹ کی فروخت پر جو سیلز ٹیکس عائد کررکھا ہے وہ اس وقت موبائل فون آپریٹرز سے وصول کیا جاتا ہے لہذا ایف بی آر کو درخواست ہے کہ یہ سیلز ٹیکس موبائل فون آپریٹرز کے بجائے موبائل فون سیٹ فروخت کرنے والوں سے وصول کیا جائے اور اس کیلیے موبائل فون سیٹ پر عائد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) وصول کرنے کیلیے نافذالعمل نظام پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ واضع رہے کہ چیئرمین پی ٹی اے ایف بی آر کی طرف سے بجٹ میں موبائل فون آپریٹرز پر آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن پر عائد کردہ اڑھائی سو روپے فی آئی ایم ای آئی رجسٹریشن ٹیکس بھی ختم کرنے کی سفارش کرچکے ہیں۔