اسلام آباد (اے پی اے) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے ہمارے ہیرو اور ہیروئن ہیں جو قوم کی خاطر تکالیف برداشت کر رہے ہیں اور اس مصائب کی گھڑی میں ہمیں انہیں اکیلا نہیں چھوڑنا، خیبر پی کے میں پارٹی لیڈروں کو ہدایت کرتے ہیں۔ وہ وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی ہر ممکن امداد کریں اوران کی بحالی کے کاموں میں مدد کریں۔ پیر کو سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا سابق صدر نے پی پی پی خیبر پی کے کے صدر خانزادہ خان کو ہدایت کی ہے پارٹی کے دیگر عہدیداران سے مشورہ کرکے ان آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے قابل عمل منصوبہ تیار کریں جس میں دیگر صوبوں کے پارٹی لیڈروں سے بھی مشاورت کریں کیونکہ ان آئی ڈی پیز کی بحالی ایک بہت بڑا کام ہے۔ انہوں نے کہا ٹرانسپورٹ، چھت، کھانا اور صحت کی سہولیات مہیا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ صدر نے کہا دہشتگردی کے خلاف ایک عالمی جنگ ہے اور بین الاقوامی برادری کو بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں اور نقل مکانی کرکے آنیوالوں کے لئے کھلے دل سے امداد دینی چاہئے۔