اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کوئٹہ نے محمدرفیق پٹواری اوران کی زوجہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ثابت ہونے پر پانچ پانچ سال قید بامشقت اور 3 کروڑ 65 لاکھ 98 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی جبکہ کیس میں نامزد ملزمان رشید اور نذیر احمد کو ناکافی ثبوت کی بنا پر شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا گیا۔ محمد رفیق اور دیگر ساتھیوں پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے قیمتی زرعی اراضی، ہائوسنگ و کمرشل پلاٹس وغیرہ سمیت کروڑوں روپے مالیت کے دیگر اثاثہ جات بنائے۔ قومی احتساب بیورو بلوچستان نے بڑے پیمانے پر ہونیوالی کرپشن کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں جس کے بعد محمد رفیق پٹواری، انکی زوجہ فریدہ بیگم اور دیگر ملزمان کو اپنی آمدنی سے زائد اثاثہ جات ثابت ہونے پر احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کیا گیا۔