کاسا 1000 پاکستان میں توانائی منصوبوں کے مقابلے میں مہنگا ہو گا، منصوبہ بندی کمشن کی مخالفت

Jun 24, 2016

اسلام آباد (آن لائن) منصوبہ بندی کمیشن نے کاسا 1000 منصوبہ کی مخالفت کر دی ہے۔ منصوبہ بندی کمشن کے مطابق کاسا 1000 منصوبہ پاکستان میں توانائی منصوبوں کے مقابلے میں مہنگا اور سکیورٹی مسائل کا بھی سامنا ہو گا ۔ کمیشن نے خبردار کر دیا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ کے لئے کاسا 1000 منصوبہ رکاوٹ پیدا کر رہا ہے اور پاکستان کی ترقی کے لئے سی پیک کو اہمیت دی جانی چاہئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کمیشن نے سنٹرل ایشیاءساوتھ ایشیاء( کاسا 1000 ) منصوبہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے نیپرا کی طرف سے بیرونی توانائی کو 10 روپے فی یونٹ پر حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں توانائی منصوبوں سے 7 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ کمشن کے مطابق فزیبلٹی رپورٹ 2011 میں فی یونٹ 2 روپے کا اندازہ لگایا گیا ہے جبکہ فی یونٹ لاگت بڑھ کر 7 روپے ہو گئی ہے اور ترسیل چارجز تین روپے فی یونٹ تک پہنچ گئے ہیں اس طرح فی یونٹ کی قیمت 10 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستان میں سی پیک کے تعاون سے توانائی منصوبوں سے فی یونٹ 7 روپے لاگت سے پیداوار ہو گی جس پر منصوبہ بندی کمشن نے اعتراض اٹھایا ہے کہ اس طرح مہنگی بجلی خریدنے سے سی پیک منصوبہ اثر انداز ہو رہا ہے کاسا منصوبہ کو ختم کیا جائے۔
منصوبہ بندی کمشن مخالفت

مزیدخبریں