کراچی (نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نیپرا کی رپورٹ نے کے الیکٹرک کے حوالے سے جماعت اسلامی کے مو¿قف کو درست ثابت کردیا ہے کے الیکٹرک نے گزشتہ کئی سالوں میں نہ تو اپنی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کی اور نہ ہی مناسب سرمایہ کاری کی گئی جبکہ اپنی ریکوری بہتر کرنے کے لیے بہت کوششیں کی گئی اور اس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک اور جدوجہد آگے بڑھ رہی ہے اور جماعت اسلامی کے مو¿قف کو پزیرائی مل رہی ہے ،کے الیکٹرک اب عوام کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتی ۔حکومت اور نیپرا کی ذمہ داری ہے کہ کے الیکٹرک کو معاہدہ نج کاری اورقواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر نوٹس دے اور اس کے خلاف تادیبی کاروائی کی جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ریکوری میں اضافے سے ظاہر ہے کہ کے الیکٹرک کو ہی فائدہ ہوا اس سے عوا م کو کچھ حاصل نہیں ہوا اور نہ ہی اس سے کے الیکٹرک کی کارکردگی میں کوئی بہتری آئی جبکہ پیداواری صلاحیت اور سرمایہ کاری میں اضافے سے ہی عوام کو کوئی فائدہ پہنچ سکتا ہے جو کے الیکٹرک نے بالکل نہیں کیا ۔