لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد جبر کے کسی بھی ہتھکنڈے کے ذریعے دبائی نہیں جا سکتی اور انکی قربانیاں ہر صورت رنگ لائیں گی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کشمیریوں پر بھارتی درندگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیز کارروائیوں سے علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کو بھی سخت خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمارے سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر میں اور کنٹرول لائن پر جاری بھارتی مظالم کیخلاف موثر اور مضبوط آواز اٹھانی چاہیے۔ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرے۔ کشمیری عوام نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر بھارت کی اٹوٹ انگ والی ہٹ دھرمی کو باطل ثابت کر دیا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کے سفارتی محاذ کو سرگرم اور فعال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بھارتی زہر افشانی کا مسکت جواب کے ساتھ مکروہ چہرہ بے نقاب ہو۔ ہمیں کشمیر پر اپنے موقف میں کسی بھی حوالے سے کوئی کمزوری پیدا نہیں ہونے دینی چاہئے۔
کشمیری عوام کی جدوجہد جبر کے کسی ہتھکنڈے سے دبائی نہیں جا سکتی: ساجد میر
Jun 24, 2017