طوری بازار پاراچنار اور کوئٹہ میں وحشیانہ بم دھماکوں کی شدیدمذمت

Jun 24, 2017

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سپریم شیعہ علماءبورڈ کے سرپرست اعلی و تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے طوری بازار پاراچنار اور کوئٹہ میں وحشیانہ بم دھماکوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عمل کروایا جائے ،دہشت گردوں کے سہولت کاروں،سرپرستوں اور ہمدردوں پر ہاتھ ڈالا جائے ۔ہیڈ کوارٹر مکتب تشیع سے جاری ہونے والے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ بیرونی تنخواہ دار سفاک دہشت گردوں نے جمعة الوداع کی حرمت پامال کرکے اور روزہ داروں کو خون میں نہلا کر ثابت کر دیاہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں پوری قوم آپریشن رد الفساد کو کامیاب کرانے کیلئے فوج کا ساتھ دے ۔انہوں نے اس امر پر دکھ کا اظہار کیا کہ کالعدم تنظیمیں دندناتی پھر رہی ہیں،اور ان کے سرپرست و ہمدرد بھی انہیں مکمل سپورٹ فراہم کررہے ہیں،کوئی روز خالی نہیں جاتا جب کالعدم تنظیموں کے بڑوں کے بیانات اخبارات و میڈیاکی زینت نہ بنتے ہوں اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو آپریشن رد الفساد یا نیشنل ایکشن کبھی اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکیں گے اور عوام لاشیں اٹھاتے رہیں گے ۔آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا کہ کرم ایجنسی میںسال رواںمیں چوتھا دہشت گرد حملہ لمحہ فکریہ ہے ، پاراچنار کے عوام کو سرحد پار دہشت گردوںسے بچانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائےں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحات کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتین فراہم کی جائیں اور متاثرین کی دادر سی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے ۔

مزیدخبریں