پاکستانی طالبہ ماہم ملک نے برطانوی یونیورسٹی درہم لاء سکول کے امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

Jun 24, 2017

اسلام آباد (اے پی پی) وادی نمل میانوالی سے تعلق رکھنے والی ہونہار پاکستانی طالبہ ماہم ملک نے برطانیہ کی ممتاز یونیورسٹی درہم لاء سکول کے امتحانات 2017ء میں دنیا بھر سے 200 سے زائد طالبعلموں کا مقابلہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ماہم ملک جنہوں نے فرابلز انٹرنیشنل اسلام آباد کی طالبہ کی حیثیت سے ملک بھر میں انگریزی میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے شاندار نمبروں کے ساتھ اے لیول کا امتحان پاس کیا تھا اور بعدازاں انہوں نے برطانیہ کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں سے ایک لاء سکول آف درہم (انگلینڈ) میں داخلہ لے لیا اور اس طرح اب ایک بار پھر انہوں نے اپنے ملک اور ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اینڈی ہیوارڈ نے اپنے تعریفی کلمات میں ماہم ملک کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ ماہم ملک نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیرسٹر بن کر ملک کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔

مزیدخبریں