لندن + لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) آئی سی سی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا۔ آئی سی سی بورڈ نے پاکستان میں بین الاقوامی مقابلوں کی حمایت کر دی۔ لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز ہو گی۔ میچز کو عالمی درجہ حاصل ہو گا۔ تفصیلات کا اعلان بعد میں ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے نئے آئین کی اتفاق رائے سے منظوری سے بگ تھری کے خاتمے میں مدد ملی ہے۔ آئی سی سی کا نیا آئین جمہوریت اور مساوات پر مبنی ہے جس سے تمام رکن ممالک کو کھیل کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستمبر کے تیسرے ہفتے میں آئی سی سی کی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی اس موقع پر پاکستان کرکٹ کی بحالی کے لیے بنائی جانے والی آئی سی سی ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک بھی ان کے ساتھ ہونگے۔ اس ٹیم کے دورہ سے آئی سی سی کے رکن ممالک کو بھی اپنی ٹیمیں پاکستان بھجوانے کی حوصلہ افزائی ملے گی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی چیمپیئنز ٹرافی میں کامیابی پر چیئرمین پی سی بی کو مبارکباد دی ہے۔
آئی سی سی نے ستمبرمیں ورلڈالیون پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا
Jun 24, 2017