لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا مسلم لیگی کارکن ہر حلقے میں انتخابی معرکے کی تیاری کریں۔ 25 جولائی کو فیصلہ کن مرحلے کی گھڑی آ رہی ہے جس دن عوام گزشتہ 5 برسوں کی کارکردگی سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کریں گے ، ایک پھر شیر پر مہر لگائیں گے۔ گزشتہ روز ماڈل ٹاﺅن کے پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے مسلم لیگی امیدواروں سے گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم اپنی 5 برسوں کی کارکردگی لیکر عوام کے پاس جائیں گے انشاءاللہ باشعور ووٹرز حقائق سامنے رکھتے ہوئے یصلہ کرینگے۔ عمران خان اپنے منشور اور اعلانات سے منحرف ہو چکے ہیں۔ انہوں نے الیکٹیبلز کے نام پر لوٹوں کی سیل لگا رکھی ہے اب پی ٹی آئی کا کسی نظرئیے سے کوئی تعلق نہیں، عوام ایسے عناصر کو بُری طرح مسترد کر دینگے، عوام 2013ءکی طرح 2018ءکے عام انتخابات میں بھی ملک کو ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرتے مسلم لیگ (ن) کو ہی ووٹ دینگے، پارٹی منشور کا اعلان ہوچکا ہے، اب اقتدار میں آکر ملک کو درپیش دیگر چیلنجز سے عہدہ برآ ہونگے۔ ایٹمی دھماکوں، اقتصادی راہداری، توانائی بحران اور موٹر ویز دینے والی سیاسی جماعت پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی یافتہ اقوام کی صف شامل کریگی۔ اس موقع پر حمزہ شہباز سے سرگودھا، منڈی بہاءالدین، فیصل آباد اور لاہور سے پارٹی امیدواروں نے ملاقاتیں کیں، انتخابی و سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے امیدواروں کے باضابطہ اعلان پر بھرپور انتخابی مہم شروع کر دی جائے۔
حمزہ شہباز