لاہور(اےن اےن آئی) معروف گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کیخلاف 100 کروڑ ر وپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔معروف پاکستانی گلوکار واداکار علی ظفر اور گلوکارہ میشا شفیع کے درمیان عدالتی جنگ شدت اختیار کر گئی، گلوکار کی جانب سے بھیجے گئے پچھلے لیگل نوٹس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر علی ظفر نے سیشن کورٹ میں میشا شفیع کیخلاف 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔ علی ظفر نے ایڈووکیٹ خواجہ طارق رحیم کہ وساطت سے سیشن کورٹ لاہور میں دعویٰ دائر کیا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے۔ درخواست گزار کے مطابق میشا شفیع نے محض سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے علی ظفر پر الزامات لگائے۔نوٹس میں یہ نقطہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ میشا شفیع نے لیگل نوٹس کے باوجود معافی نہیں مانگی لہٰذا عدالت میشا شفیع کو ایک ارب روپے کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم جاری کرے۔ واضح رہے علی ظفر نے میشا شفیع کو 100 کروڑ کا لیگل نوٹس بھجوایا تھا جس پر میشا شفیع کا کہنا تھا کہ گلوکار اپنا لیگل نوٹس واپس لیں ورنہ وہ قانونی کارروائی کریں گی تاہم نہ تو ان کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی کی گئی اور نہ ہی علی ظفر کے نوٹس کا جواب دیا گیا جبکہ وہ اب تک اپنے الزامات پر برقرار ہیں۔
علی ظفر/ دعویٰ