عالمی برادری کشمیر پر دوہرے معیار ترک کرے، بھارتی مظالم کیخلاف ٹھوس اقدامات کئے جائیں: مشاہدحسین

Jun 24, 2018

لاہور (خصوصی رپورٹر) سینٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کی مرکزی میڈیا کمیٹی کے سربراہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے خلاف بھارتی مظالم اورشہداء کے جنازوں پر تشدد سے قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) یہ مسئلہ سینیٹ میں اجاگر کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے اور حق خودارادیت کو روکنے کیلئے بھارتی فوج ظالمانہ اور تشدد آمیز حربے استعمال کر رہی ہے۔کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے علاوہ مظلوم کشمیری عوام کو نمازِ جمعہ اور شہداء کے جنازوں میں شرکت کرنے سے بھی روکا جاتا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے بی جے پی رہنماء کے اس بیان کی بھی پرزور مذمت کی ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ سچائی منظر عام پر لانے والے صحافیوں کا انجام بھی شجاعت بخاری جیسا ہوگا۔ دوسرے الفاظ میں بھارتی حکمران جماعت کھلے عام یہ کہہ رہی کہ شجاعت بخاری کی طرح اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کرنے والے صحافیوں کو بھی قتل کردیا جائے گا۔ مشاہد حسین سید نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کے کشمیر پر دوہرے معیار ترک کرے اورکشمیریوں کے خلاف ریاستی جبر روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

مزیدخبریں