لاہور (نمائندہ سپورٹس) چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کی تیاریوں کا پول کھل گیا، بھارت نے پاکستان کے خلاف یک طرفہ مقابلے میں 0-4 سے کامیابی سمیٹ لی، بھارت نے صفر کے مقابلے میں 4 گول سے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا، ہالینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے والے اس میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی، 31ویں منٹ میں بھارتی ٹیم رمن دیپ سنگھ کے ذریعے پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، بعد ازاں دونوں ٹیموں 24 منٹ میں بھر پور کوشش کے باوجود گیند کو جال کے اندر نہ پھینک سکیں۔آخری 6 منٹ میں بھارتی ٹیم انتہائی خطرناک موڈ میں دکھائی دی اور اس نے یکے بعد دیگرے 3 گولز کرکے میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔ بھارتی ٹیم کی طرف سے دلپریت سنگھ نے فیلڈ گول کے ذریعے اپنی ٹیم کی برتری دوگنا کر دی،صرف 3 منٹ کے بعد مندیپ سنگھ نے بھارتی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی، آخری منٹ میں للت نے بھارتی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کی۔دوسرے میچ میں ارجنٹائن نے ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے پیلٹ نے پہلا گول 34ویں منٹ جبکہ پیریڈیز نے دوسرا گول کھیل کے 60ویں منٹ میں کیا ۔ ہالینڈ کی طر ف سے واحد گول پریو سر نے کھیل کے 14ویں منٹ میں کیا ۔ تیسرا میچ آسٹریلیا اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا گیا تیسرا میچ تین تین گول سے برابر رہا ۔