سعودی عرب اور پاکستان کے عوام اخوت کے رشتہ میںبندھے ہیں:سعید الزہرانی

لاہور (خصوصی نامہ نگار )سعودی وزارت مذہبی امور مکہ کے مدیر سراج بن سعید الزہرانی نے کہا ہے کہ اسلام اعتدال کا دین ہے۔ مسلمان میانہ روی اختیار کریں۔ انتہا پسندی اور غلو فی الدین نے اسلام کے خو بصورت چہرے کو مسخ کیا ہے ۔ سعودی عرب نے ہر آزمائش او ر ہر کڑے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیاہے۔سعودی عرب اور پاکستان کے عوام اسلامی اخوت کے عظیم رشتے میں منسلک ہیں ۔ حر مین شریفین امت ِ مسلمہ کے دینی اور روحانی مراکز ہیں جن کے تحفظ سلامتی اور دفاع کے لئے پاکستان کا جذبہ قابل قدر ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے وزارت مذہبی امور سعودی عرب اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے اشتراک سے مرکز راوی روڈ میں علماء کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب شدت پسندی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں۔ سربراہ مرکزی جمعیت اہل حدیث پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اسلامی اخوت کے آئینہ دار ہیں ۔ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ دیگر مقررین عبدالمالک مجاہد،حافظ ابتسام الہی ظہیر ،پروفیسر یاسین ظفر، علامہ شفیق خاں پسروری، ڈاکٹر عزیز الرحمن، قاری خلیل الرحمن جاوید، ڈاکٹر عتیق الرحمن شاہ، مولانا عبدالستارحامد،ڈاکٹر حافظ انور،قاری صہیب میر محمدی،مولانا عبدالرشید حجازی، مولانا احسان اللہ ساجد نے اپنے مقالات میں کہا کہ عقائداور فکر نظرمیں تحمل،برداشت،اعتدال اور توسط سے ہر شئے کو استحکام نصیب ہوتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن