بجٹ سے پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے، رضاربانی

کراچی (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ بجٹ کے ذریعے پاکستان کی قومی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے، ملک کو عوام دوست بجٹ کی ضرورت تھی تاہم عوام دشمن بجٹ دیا گیا ہے، پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ذریعے یہودی لابی میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مزدور کش بجٹ کے ذریعے کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کا غلام بنایا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک آگے کیا شرائط لگائیں گے اس حکومت نے قوم کو نہیں بتایا، حکومت نے امریکی سامراج کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔ الیکشن کمشن کی آسامیاں خالی ہیں پر وزیراعظم عمران خان اپنی انا کی وجہ سے اپوزیشن سے بات نہیں کر رہے۔ قانون کے تحت 45 دن کے اندر الیکشن کمشن کو مکمل کردینا چاہیئے تھا۔ ادھورے الیکشن کمشن نے ایک نوٹیفیکشن کے ذریعے سیکیورٹی کے لیے فوج طلب کی۔ رضا ربانی نے کہا کہ پولنگ سٹیشن کے اندر الیکشن کمشن کے عملے کے علاوہ کسی کو نہیں ہونا چاہیئے۔ان کا کہنا تھا کہ امام نورانی کی آمریت کے خلاف جدوجہد تھی، ان سے بہت کچھ سیکھا۔ نورانی صاحب کی جو جدوجہد ایوب خان کے خلاف تھی وہ آج بھی نظر آتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ احمد شاہ نورانی کے صاحبزادے بھی جکومت کی ان پالیسوں کے خلاف ہیں۔

ای پیپر دی نیشن