کراچی(نوائے وقت نیوز)وزیر اعلی سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لاء انٹر ایکٹیو کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محکمہ قانون کے افسران کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سندھ اسمبلی بلڈنگ کی کمیٹی روم میں منعقد محکمہ قانون کے زیر اہتمام کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی پاکستان کے قانون ساز اداروں میں وہ واحد ادارہ ہے جہاں سب سے زیادہ اور موثر قانون سازی کی گئی ہے اور قانون کی مطابقت جمہوری اقدار کے تحت کی جاتی ہے۔ صوبائی مشیر نے محکمہ قانون کے افسران کو کہا کہ کچھ مقدمات میں قانونی سقم آنے سے ان کی طوالت مقدمہ پر اثر انداز ہوتی ہے مگر شواہد اور منظم دستاویزات اس کو قانونی شکل میں مضبوط بناتی ہیں ۔ وکلاء اور افسران کی قانونی ذمہ داری ہے کہ دستاویزی ثبوت کو منظم رکھنے کی حتی المقدور کوشش کریں ۔ کانفرنس میں سیکرٹری قانون شارق احمد، ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سمیت تمام افسران نے شرکت کی اور اپنے قانونی امور سے متعلق تجربات سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہی دی۔