جماعت اسلامی کا اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکٹ سے انکار، فیصل آباد مہنگائی کے خلاف ریلی

Jun 24, 2019

لاہور، اوکاڑہ (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار )سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اے پی سی میں شریک نہیں ہوگی۔ ماضی کی حکومتیں اپنی غلطیوں پر قوم سے معافی مانگیں، سابقہ حکمران جماعتیں موجودہ بحرانوں کی ذمہ دار ہیں۔ سابقہ حکمرانوں کو بیرون ملک پڑی دولت واپس لانا ہوگی۔ جب تک ماضی کے حکمران قوم کے یہ مطالبے پورے نہیں کرتے، ہم ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑا میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور بعد ازاں ملتان میں جنوبی پنجاب کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان لوٹی دولت اور بے لاگ احتساب کا وعدہ پورا کریں۔ پی ٹی آئی کا نظریاتی ورکر مایوس ہے۔ پی ٹی آئی بھی سابقہ حکومتوں کی طرح سٹیٹس کو کی علمبردار ہے۔ تحریک انصاف نے دس ماہ میں اپنے منشور اور وعدوں پر عمل نہیں کیا اور عوام کو سبز باغ دکھاتی رہی۔ سابقہ حکومتوں کے لوگ ہی اب پی ٹی آئی حکومت میں وزیر مشیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے ساتھ بیٹھنے کو عمران خان اپنے لیے باعث شرم قرار دیتے تھے، اب وہ وزیراعظم کے ارد گرد بیٹھے نظر آتے ہیں۔ امیر العظیم نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے40چوروں کو اپنی چھتری کا سایہ فراہم کیا ہوا ہے، پاکستان تحریک انصاف کا نظریاتی ورکر مایوس ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب جماعت اسلامی صوبہ کے پی کے میں حکومتی اتحادی تھے تو پاکستان تحریک انصاف بڑی حد تک نظریاتی جماعت تھی آج پاکستان تحریک انصاف سٹیٹس کو کی علمبردار بن گئی ہے۔ جماعت اسلامی سٹیٹس کو کے خلاف اپنے پلیٹ فارم سے تحریک چلارہی ہے۔ ہم سٹیٹس کو کو دھکا اور دھیمکا لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جو آج بھی اپنے منشور پر قائم ہے۔ دوسری سیاسی جماعتیں اپنی اپنی مفاداتی سیاست کررہیں ہیں۔ اپنے آپ کوملک کی بڑی سیاسی جماعتیں کہلانے والوں پر جب مشکل وقت آتا ہے تو انہیں جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنا یاد آجاتی ہے۔ جماعت اسلامی ہی عوام کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ملکی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے ۔ حکومت نے راتوں رات چینی اور سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ کر کے شوگر اور سیمنٹ مافیا کو خوش کیا ۔ جماعت اسلامی 30 جون کو کراچی کے ملین مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی ۔ جماعت اسلامی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کی احتجاج تحریک کا حصہ نہیں بنے گی ۔ پاکستان کے عوام کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ۔مدینہ کی ریاست کا وعدہ کرنے والوں نے عوام کو مہنگائی سے نجات دینے کے بجائے 1100 سینما گھرتعمیر کرنے کا اعلان کیاہے ۔ ملک کا کسان اور مزدور رو رہاہے ۔ بھارت نے اپنے کسانوں کو بجلی ، تیل ، کھاد اور زرعی ادویات پر سبسڈی دی جبکہ ہماری حکومتوں نے ان کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ آج ملک کا کسان اور مزدور بھوکا سونے پر مجبور ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے فیصل آباد کے گھنٹہ گھر چوک میں عوامی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی پارٹی نہیں بلکہ یہ لوٹوں اور لٹیروں کا مسافرخانہ ہے۔ مجھے حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کا پورا یقین ہے ۔ یہ ملک و قوم کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے ۔ عوام جس طرح بنیادی سہولتوں سے پہلے محروم تھے ، اس سے بڑھ کر آج بھی ہیں۔

مزیدخبریں