صدر سے ملاقات، پاکستان سے مزید افرادی قوت اور تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکار منگوانا چاہتے ہیں: امیر قطر

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قطرکے امیر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے اتوار کوایوان صدرمیں ملاقات کی۔ جو گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات اور علاقائی ایشوز کا احاطہ کیا گیا۔ صدر مملکت نے امیر قطر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہا جس کی وجہ سے قطر توانائی، سیاحت ، شہری ہوابانی اورتعمیرات کے شعبوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔صدر مملکت نے عالمی سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے قطر کی کوششوں کی تعریف کی۔کراچی اورحمد پورٹ کے درمیان براہ راست رسائی کے قیام کے بعد قطرکو پاکستانی برآمدات میں 70 فیصد اضافہ کا حوالہ دیتے ہوئے صدرمملکت نے قطراورپاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی روابط میں اضافہ اور قطر کو پاکستانی برآمدات متنوع بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔صدرمملکت نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری میں اضافہ کی استعداداورقطر میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگارکے زیادہ مواقع کے امکانات پربھی زوردیا۔ صدرمملکت نے افغانستان میں امن اورمفاہمت کوفروغ دینے میں قطرکی کوششوں کو سراہا اورکہاکہ یہ علاقائی امن کیلئے قابل غور اوراعلیٰ خدمات ہیں۔امیرقطرنے دورہ پاکستان کی دعوت اور اپنے وساتھ آنیوالے وفد کی گرمجوش میزبانی پر پاکستان کی حکومت اورقیادت کا شکریہ اداکیا ۔ امیرقطر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے اہم اقتصادی شعبہ کومزید مضبوط بنانے کی خواہش کااظہارکرتے ہوئے امیرقطر نے پاکستان میں توانائی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے اور پاکستان سے اشیائے خوراک کی درآمد میں اضافہ میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔ امیر قطر نے پاکستان میں سیاحت کے شعبہ کی استعداد میں بہتری کیلئے اس شعبے میں قطر کی سرمایہ کاری، تکنیکی معاونت اورمیزبانی کی صنعت میں تعاون کی پیش کش کی۔پاکستان سے افرادی قوت کوروزگاردینے کی رفتارپراطمینان کااظہارکرتے ہوئے امیرقطرنے پاکستان سے مزیدافرادی قوت اورتربیت یافتہ سیکیورٹی اہلکاروں کی درآمد کی خواہش کا اظہارکیا۔افغان امن مزاکرات میں پیش رفت کا مشاہدہ کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے علاقائی امن اوراستحکام کیلئے قریبی کام کرنے سے اتفاق کیا۔امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کو پاکستان اورقطر کے درمیان برادرانہ اوردوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں پر ایک خصوصی تقریب میں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازاگیا۔تقریب کے بعد امیرقطر اوران کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔ امیر قطر شیخ تمیم حمد الثانی پاکستان کے دوروزہ دورے کی تکمیل پراتوار کو واپس قطر چلے گئے۔ نورخان ائیربیس پروزیراعظم کے معان خصوصی سیدزولفقارعباس بخاری اوردیگر سینئیر سول اورفوجی اہلکاروں نے انہیں الوداع کہا۔روانگی سے قبل پاک فضائیہ کے حکام نے امیرقطرکو جے ایف 17 تھنڈر کے بارے میں بریفنگ دی۔ امیرقطر نے ملٹی رول طیاروں میں اپنی گہری دلچسپی کااظہارکیا۔وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرامیرقطرشیخ تمیم حمد الثانی ہفتہ کو پاکستان پہنچے تھے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اہم وزراء اورسینئیر حکام کے ہمراہ امیرقطرکااستقبال کیا۔اپنے دورے کے دوران امیرقطرنے وزیراعظم عمران خان اورصدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقاتیں کیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...