ایس او پیز پر عمل نہ کرنا کرونا جتنا ہی خطرناک ہے: گورنر پنجاب

لاہور (اے پی پی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنا بھی کرونا جتنا ہی خطرناک ہے۔ کرونا گلی‘ محلوں میں پھیل چکا، ایس او پیز پر عمل سے ہی بچا جا سکتا ہے۔ کوئی شک نہیں احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنیوالے کرونا کو خود ویلکم کر رہے ہیں۔ کرونا کا شکار ہونا ہے یا اس سے بچنا ہے فیصلہ ہر فرد کے ہاتھ میں ہے۔ جو ایس او پیز پر عمل کر یں گے وہ انشاء اللہ خود کو کرونا سے بچانے میں کامیاب ہوں گے۔ حکومت کرونا کے خلاف لڑ نے کے ساتھ ملک کو معاشی مسائل سے بھی بچانا چاہتی ہے۔ کرونا کیخلاف جنگ22 کروڑ پاکستانیوں کی جنگ بن چکی ہے۔ وہ منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں تحریک انصاف کے ایم پی اے احمد خان بھچرسمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بدقسمتی سے کرونا کا چیلنج صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کیلئے بہت بڑا چیلنج بن چکا ہے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو کرونا سے نجات دلانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماسک سمیت دیگر حفاظتی اقدامات نہ کرنا اپنی جان سے دشمنی ہے عوام کو کرونا سے آگاہی کے لیے علما اکرام اپناکردار ادا کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ ہم نے ملک کو کرونا سے بچانا ہے‘ اس لئے حکومتی ایس او پیز پر عمل کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائیگی۔ حکومتی ادارے ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کوتاہی کا مظاہرہ کرنیوالوں کیخلاف ایکشن بھی لیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت عوام کو کرونا سے بچانے کیلئے آگاہی کی فراہمی کیساتھ کرونا کا شکار ہونیوالوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تمام وسائل استعمال کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم ہر جگہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو سمجھ لینا چاہیے کہ جو جو لوگ حکومتی ایس او پیز پر عمل کر یں گے انشاء اللہ وہ کرونا سے محفوظ رہیں گے۔ گورنر نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے پاکستان مشکل تر ین حالات سے گزر رہا ہے۔ ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن