سری نگر (کے پی آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں منگل کے روز بھارتی فوج نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ ان نوجوانوں کو بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا۔ پولیس کے مطابق ضلع پلوامہ مکے بنڈزو نامی علاقہ میں منگل کی صبح بھارتی فوج سے جھڑپ میں دو نوجوان مارے گئے۔ جھڑپ میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار بھی مارا گیا۔ اسلام آباد کے کپرن ڈورو کے جنگلاتی علاقہ میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران فوجی ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کا استعمال کیا۔ بھارتی فوج کے 2پیرا کمانڈوز نے ڈورو ٹائون سے قریب26کلو میٹر دور کپرن اور کوکر ناگ کے درمیانی علاقہ ژکل ناڑ ، دودھ وگن اور کوٹ نامی دیہات کا محاصرہ کیا۔ ترال کے بٹہ گنڈ گائوں میں قائم 180بٹالین سی آر پی ایف کیمپ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا ہے۔ بم پھٹنے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس موقعہ پر فورسز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی جس سے گائوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فوج اور پولیس نے پلوامہ ، شوپیان اور کولگام کے علاوہ دیگر کئی اضلاع میں تلاشی مہم کے دوران 10افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ادھر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی کی تبدیلی کے لیے ریاستی شہریت کے حصول کے لیے آن لائن سروس شروع کر دی ہے۔ اب مقبوضہ کشمیر کی مستقل رہائشی سندیا، حق شہریت سند کے حصول کے لیے آن لائن درخواست دی جا سکے گی۔ بھارتی حکومت کی اس سکیم کے زریعے بھارتی شہری مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے لیے درخواست دے سکیں گے ۔ مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے جموں میں جموںاینڈ کشمیر ای گورننس ایجنسی کی تیار کردہ ای ایپلیکشن کا افتتاح کیا۔ بارہمولہ، سوپور کی عالیہ طارق دختر طارق احمدلنگو کی ای طریقہ کار کے ذریعے حق شہریت حاصل کرنے والی پہلی شہری ہے۔