لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں سے مزید سات کھلاڑیوں اور ایک آفیشل کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے والوں کی تعداد 11ہو گئی۔ ان کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، وہاب ریاض، رضوان، عمران خان، فخر زمان، محمد حسنین اور کاشف بھٹی شامل ہیں جبکہ آفیشل میں ٹیم کے مساجر ملنگ علی شامل ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے متبادل کھلاڑیوں کیلئے غور شروع کر دیا ہے۔ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ریجنل سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے جس میں نوجوان کھلاڑیوں کے ناموں کو زیر غور لایا جا رہا ہے۔ ایسے نوجوان کھلاڑی جنہیں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ساتھ ساتھ پاکستان سپر لیگ میں بھی فراہم کیا گیا تھا لیکن دورہ انگلینڈ کیلئے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں ان کا نام نہیں آیا تھا انہیں بھی تیار رہنے کے لیے کہا گیا ہے کہ کسی بھی وقت انہیں کرونا ٹیسٹ کیلئے بلایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایسے کھلاڑی جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان کا دوبارہ 26 اور 27 جون کو ٹیسٹ لیا جائے گا۔ وہ کھلاڑی ہی پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں جائے گا جن کادو مرتبہ منفی ٹیسٹ آئے گا۔ انگلینڈ کا چارٹر ڈطیارہ 28 جون کو لاہور سے مانچسٹر کیلئے روانہ ہوگا تاہم ہمارے پاس ابھی وقت ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کے مزید ٹیسٹ لے سکیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام دورہ انگلینڈکیلئے اعلان کردہ قومی کرکٹرز کے کرونا ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ کل ہوگا جس میں تمام کھلاڑیوں کے ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ لیے جائیں گے۔ تاہم اس مرتبہ تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ لاہور میں ہی ہونگے جس کیلئے تمام کھلاڑیوں کو 24 جون کی رات تک لاہور کے مقامی فائیوسٹار ہوٹل میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کا عمل مکمل کرے گا۔ ان تمام ارکان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 25 جون کو ہوگی۔ لاہور کے بائیو سیکیور ماحول میں موجود جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے25 جون کو لیے جانے والے ٹیسٹ بھی منفی آئیں گے تو وہ 28 جون کو چارٹرڈ پرواز پر مانچسٹر روانہ ہوں گے۔ چارٹرڈ پرواز کے ذریعے انگلینڈ پہنچنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلزکی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا۔ یہ ٹیسٹنگ پاکستان کے سکواڈ کے انگلینڈ پہنچنے کے 24 گھنٹوں کے اندر اندر ہوگی۔ انگلینڈ پہنچنے پر جن کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ٹیسٹ منفی آئیں گے تو انہیں یوکے حکومت کے قوانین کے مطابق قرنطینہ کی مدت کرنی پڑے گی تاہم وہ اس دوران بائیو سیکیور ماحول میں پریکٹس اور ٹریننگ کرسکیں گے۔ ایسے تمام سکواڈ ممبرز جن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان کی مقررہ وقت پر دوبارہ ٹیسٹنگ کی جائے گی اور اگر اس صورتحال میں ان کے 2 ٹیسٹ منفی آجاتے ہیں تو انہیں کمرشل پرواز پر انگلینڈ روانہ کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں گے۔ یوکے پہنچنے پر ان کی دوبارہ ٹیسٹنگ ہوگی جو ای سی بی کا میڈیکل پینل کرے گا۔ سیریز کے ایس او پیز کے مطابق پہلے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کم از کم 5 مرتبہ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ حیدر علی، حارث رؤف اور شاداب خان کی طرح ان ساتوں کھلاڑیوں اور سکواڈ میں شامل ٹیم مساجر میں بھی ٹیسٹنگ سے قبل کوویڈ 19 کی کوئی علامات نہیں پائی گئیں۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل ان تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مساجر سے مسلسل رابطے میں ہے اور ان تمام ارکان کو فوری طور پر سیلف آئسولیشن میں جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
مزید 7 کرکٹرز ‘ایک آفیشل کا کرونا ٹیسٹ مثبت : دورہ انگلینڈ کیلئے متبادل پر غور
Jun 24, 2020