میکسیکو سٹی۔ 24 جون (اے پی پی) میکسیکو کی جنوبی ریاست اواکساکا میں 7.4 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور خوف و ہراس پھیل گیا اور سینکڑوں لوگ سے باہر نکل گئے، بعدازاں زلزلے کے 6 گھنٹے بعد دارالحکومت میکسیکو سٹی میں 446 آفٹرشاکس محسوس کیے گئے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے کا مرکز ریاست اواکساکا کے علاقہ لا کروسیکیٹا میں23 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے باعث اواکساکا میں ایک خاتون سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔ زلزلے کے باعث ابتداءمیں سونامی وارننگ جاری کی گئی لیکن بعدازاں اسے واپس لے لیا گیا۔ واضح رہے کہ 2017 میں میکسیکو میں 7.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے ملک بھر میں60 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور یہی نہیں اسی سال میکسیکو کے جنوبی علاقے میں 8.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں اواکساکا ریاست سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی جس میں 96 افراد ہلاک ہوئے تھے۔