لاہور(کامرس رپورٹر )درآمدات کم ہونے سے پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ 73 فیصد کم ہو گیا تاہم روپے کی بے قدری کی وجہ سے ڈالر میں مجموعی قومی پیداور بھی پہلے سے 6 فیصد کم رہی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران بیرونی کھاتوں کا خسارہ 3 ارب 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 9 ارب 16 کروڑ ڈالر کم ہے۔ رواں مالی سال ملکی برآمدات میں بھی 6.8 فیصد کمی رکارڈ کی گئی تاہم صنعتی سرگرمیوں سست ہونے سے پیٹرولیم اور دوسری درآمدات کم ہونے کی وجہ سے درآمدی بل میں 18.7 فیصد کمی رکارڈ کی گئی ۔جولائی سے مئی کے اختتام تک حکومت کو اشیاء اور سروسز کی برآمدات سے مجموعی طور پر 25 ارب 98 کروڑ 70 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ درآمدات پر 46 ارب 62 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے. اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 20 ارب 65 کروڑ 40 لاکھ ڈالر وطن بھجوائے۔ رپورٹ کے مطابق 11 ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کے 1.4 فیصد ہے جبکہ اس دوران پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا ڈالر میں حجم 242 ارب 80 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 15 ارب 37 کروڑ ڈالر کم ہے۔