ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی لوازمات پورے کئے ، گرے لسٹ میں رکھنے کا جواز نہیں : شاہ محمود 

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے، ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر تکنیکی لوازمات پورے کر دیئے، اب پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اہم بیان میں کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ایک ٹیکنیکل فورم ہے، اس کے حوالے سے پاکستان تکنیکی لوازمات پورے کر چکا ہے، ہمیں 27 ایکشن آئٹمز دیے گئے جس میں سے 26 پر کام مکمل کر چکے ہیں، ستائیسویں نکتے پر بھی بھرپور کام ہو چکا ہے، اس صورت حال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا۔ اگر پاکستان پر محض ایک تلوار لٹکانا مقصود ہے تو یہ اور بات ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے جس کی اجازت نہیں ملنی چاہیئے۔ دیکھتے ہیں کہ پلیمری اجلاس میں کیا فیصلہ ہوتا ہے۔ پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا نامناسب ہو گا، پاکستان نے عالمی رائے اور قومی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے، دیگر ممالک کو اعتماد میں لیا، جو قانون سازی درکار تھی وہ ہم نے کی۔ پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے، گرے لسٹ کا تحفہ ہمیں ورثے میں ملا، ہماری حکومت آنے سے پہلے پاکستان گرے لسٹ میں جا چکا تھا۔دریں اثنا وزارت خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کی خبروں پر وضاحت میں کہا ہے کہ ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے فرانس پاکستان کا متحرک شرکت دار ہے۔ اعلامیہ کے مطابق فرانس نے ایکشن پلان کے اطلاق کیلئے رہنمائی اور تکنیکی تعاون فراہم کیا۔ پاکستان کی کارکردگی کو بین الاقوامی برادری نے بھی سراہا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ دو سال میں ایکشن پلان پر مؤثر اور تیز عملدرآمد کیا ہے۔ پاکستان سے متعلق ایف اے ٹی ایف کا فیصلہ 25 جون کو پلینری اجلاس کے بعد ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن