کراچی (نامہ نگار خصوصی )سندھ اسمبلی کے رواں بجٹ اجلاس میںاپوزیشن جماعتوں کے لئے ایک بڑی مشکل کھڑی ہوگئی ہے اپوزیشن کی کسی پارلیمانی جماعت نے نئے مالی سال کے بجٹ کے لئے کٹوتی کی تحاریک جمع نہیں کروائیں۔یہ انکشاف بدھ کو اسپیکر آغا سراج درانی نے ایوان کی کارروائی کے دوران کیااسپیکرکا کہنا تھا کہ قواعد کے مطابق بجٹ پیش ہونے کے بعد دو روز تک کٹوتی کی تحاریک جمع کرانا ہوتی ہیں,پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے اسپیکر سے کہا کہ ہمیں مہلت دی جائے تاکہ کٹوتی کی تحاریک جمع کرواسکیں۔ جس پر اسپیکر بولے کہ آپ قواعد پڑھ لیں وقت گزرچکا ہے۔قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کٹوتی کی تحاریک کے لئے آج شام تک کاوقت دیا جائے۔بلال غفار نے اسپیکر کو بتایا کہ کل سیکریٹری کے پاس کٹوتی کی تحاریک جمع کروانے گئے تھے لیکن انہیں قبول نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایوان کے پاس دو دن کا وقت باقی ہے تمام اپوزیشن ارکان کٹوتی کی تحاریک پیش کرنا چاہتے ہیں۔اس موقع پر اسپیکر نے کہا کہ اب وقت نکل چکا ہے۔ جی ڈی اے کے رکن نند کمارگوکلانی نے استدعا کی کہ بجٹ بحث میں دو روز کا اضافہ کیا جائے۔اسپیکر آغا سراج نے کہا کہ آج پارلیمانی لیڈرز اور وزرا نے بات کرنی ہے اس لئے دو دن نہیں بڑھائے جا سکتے۔اس موقع پر وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چائولہ نے اسپیکر سے کہا کہ ایک دن بڑھا دیا جائے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے جس پر اسپیکر نے کہا کہ چلیں ایک دن بڑھادیتے ہیں۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے اسپیکر کو مطلع کیا کہ ہماری طرف سے آج کنور نوید تقریر کریں گے۔ سندھ اسمبلی میں پچیس سال پرانی تاریخ رواں بجٹ سیشن میں ایک مرتبہ پھر دہرائی گئی ہے اور جس طرح پچیس سال قبل اپوزیشن نے کٹوتی تحاریک جمع نہیں کرائی تھی اس مرتبہ بھی ایسا کیا گیا ہے اسے اپوزیشن کی نااہلی کہا جائے یا عدم دلچسپی بہر حال اپوزیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی۔سیکریٹری سندھ اسمبلی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 1999 میں اس وقت کی اپوزیشن جماعت نے کٹوتی کی تحاریک جمع نہیں کرائی تھیں۔ اس وقت لیاقت علی جتوئی وزیر اعلیٰ سندھ اور نثار کھوڑو اپوزیشن لیڈر تھے,کٹوتی کی تحاریک بجٹ کے لئے اہم جْز ہے۔ سکریٹری سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ بجٹ منظوری سے دو روز قبل کٹوتی کی تحاریک جمع کروانا لازمی ہے۔
اپوزیشن بجٹ اجلاس میں کٹوتی تحاریک جمع کرانے میں ناکام
Jun 24, 2021