حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی + نامہ نگار)ڈاکوئوں نے سبزی منڈی کے تاجر کومزاحمت پر فائرنگ کرکے شدیدزخمی کردیا اور موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی چھین لی۔ بتایا گیا ہے کہ تاجر ذوالفقار حیدر سکنہ محلہ جیلانی موٹر سائیکل پر سبزی منڈی جارہا تھا کہ علی الصبح مدھریانوالہ روڈ پر بلال ہسپتال کے قریب اسے دو ڈاکووںنے گھیر لیا اور مزاحمت پر گولیاں مار کر اسے شدیدزخمی کردیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔ زخمی تاجر کو تشویشناک حالت میں ٹراما سنٹر منتقل کردیا گیا۔ عوامی ، سماجی حلقوں نے ضلع بھر میں ڈاکووں کی اندھیرنگری اور آئے روز لوٹ مار پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی پی او سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی کا اجلاس چیئرمین انور رحمانی اور رانا انتظار کی زیر صدارت ہواجس میں تاجر ذوالفقار کو لوٹنے اورزخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر پولیس نے ڈاکو گرفتارنہ کئے تو تاجرہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔دوسری طرف ٹھٹھہ گاہرامنڈی کے قریب سے ہارون ولد صفدر علی ، جلالپور میں نجی بینک کے باہرسے محمد خان ولد رزاق اور کچہری کے قریب سے ممتاز ولد مختار کا موٹر سائیکل چورگئے۔