متحدہ عرب امارات(یو اے ای ) نے غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے رفح بارڈر کراسنگ کے ذریعے ضروری ہنگامی حفاظتی سامان اور آلات سے لیس 20 ایمبولینسز بھجوا دیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امدادی ایمبولینسیں امارات ہلال احمر(ای آر سی)کے زیرانتظام بھیجی گئیں۔اس کا مقصد غزہ میں شعبہ صحت کی معاونت اور فلسطین کے انسانی حالات کو بہتر بنانا ہے۔غزہ میں حالیہ جنگ سے متاثرہ 20 ہزار فلسطینی خاندانوں کے لیے یہ امدادی سامان ای آر سی کے فلسطینی عوام کے لیے انسانی اور ریلیف پروگراموں کے حصے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔غزہ میں گذشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان گیارہ روزہ جنگ کے بعد سے ہزاروں فلسطینی خاندان مشکلات سے دوچار ہیں۔انھیں خوراک، ضروری ادویہ ، کپڑوں اور بنیادی تعمیراتی سامان کی اشد ضرورت ہے۔جنوری میں بھی یو اے ای نے 90 لاکھ درہم مالیت کا 808 ٹن امدادی سامان بھیجا تھا۔یہ تمام سامان 10 ہزار خاندانوں کی فوری مدد کے لیے کافی تھا۔اس امداد کا مقصد فلسطینیوں کی حالتِ زارکو بہتر بنانا تھا۔
یو اے ای نے غزہ میں فلسطینیوں کی مدد کیلئے 20 ایمبولینسز بھجوادیں
Jun 24, 2021 | 11:06