سعودی عرب ،کووِڈ19کی دومختلف ویکسینوں کی پہلی اوردوسری خوراک لگانے کا فیصلہ

سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے لوگوں کو اب کووِڈ19کی دو مختلف ویکسینوں کی پہلی اور دوسری خوراک لگانے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس وقت سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں لوگوں کو کووِڈ19کی کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جارہی ہیں مگر اب حالیہ مطالعات کی روشنی میں سعودی کمیٹی نے اس حکمتِ عملی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت صحت نے بتایا کہ قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے یہ فیصلہ بین الاقوامی سائنسی مطالعات کی روشنی میں کیا ۔ان میں کووِڈ19کی دو مختلف ویکسینوں کو پہلی اور دوسری خوراک کے طور پرلگانے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا ہے۔ان کے نتائج سے ثابت ہوا کہ کروناوائرس کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے دومختلف ویکسینوں کی دو خوراکیں محفوظ اور مثرہیں اور اس طرح کسی دوسری ویکسین کی دوسری خوراک کے وہی مفید نتائج ہوسکتے ہیں جو ایک ہی ویکسین کی ایک فرد کو لگائی گئی دونوں خوراکوں کے ہوسکتے ہیں۔اس وقت سعودی عرب بھرمیں قریبا چھ سو ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں۔وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ19کی ویکسینیں مفت لگائی جارہی ہیں۔ویکسین لگوانے کے لیے سعودی شہری اور تارکِ وطن صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں اور انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جارہے ہیں۔وزارت صحت نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ کروناوائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگوائیں، بالخصوص جو افراد لوگوں کے ہجوم یااجتماعات میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں،انھیں ضرور ویکسین لگوانی چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن