کینیڈا میں دوبارہ ایک سابق بورڈنگ اسکول میں ایسی قبریں دریافت ہوئی ہیں، جن میں سینکڑوں قبائلی بچوں کی لاشیں دفن تھیں۔ گزشتہ ماہ ایسی ہی ایک اجتماعی قبر کے انکشاف نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا تھا۔غیرلکی خبررساں ادارے کے مطابق اس تازہ انکشاف سے قبل گزشتہ ماہ برٹش کولمبیا صوبے میں بھی مقامی آبادی کے ایک سابق بورڈنگ اسکول سے 215 بچوں کی باقیات ملی تھیں۔ ان میں سے بعض بچے تین برس کے تھے۔ کینیڈا میں سن 1840 سے لے کر سن 1996 کے دوران حکومت اور مذہبی اداروں کی زیر نگرانی قائم بورڈنگ ہاس اسکولوں کی تعداد ایک سو سے زائد تھی۔ ان بورڈنگ اسکولوں میں تشدد اور جنسی زیادتیاں عام تھیں۔ اس دوران بچوں کو زبردستی مسیحی مذہب اپنانے پر مجبور بھی کیا جاتا تھا۔ کینیڈا کی حکومت نے سن 2008 میں اس غیر انسانی سلوک کے لیے با ضابطہ معافی بھی مانگی تھی۔