اسلام آباد:ایرانی وزیر خارجہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔ وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی تشویش کا باعث ہے۔
ایرانی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد ابراہیم طاہریان فرد نے وفد کے ہمراہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے ایران میں صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر ایرانی قیادت اور ایرانی عوام کو مبارکباد دی اورایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے افغانستان کے امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔پاکستان شروع سے اس موقف کا حامی رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان قیادت میں۔ افغانوں کیلئے قابل قبول، جامع مذاکرات کے زریعے افغان مسئلے کا دیرپا سیاسی حل نکالا جائے۔
وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے ایران کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی، تشویش کا باعث ہے۔ پرتشدد واقعات میں اضافہ، امن مخالف قوتوں کو تقویت دینے کا باعث بن سکتا ہے۔ افغان دھڑوں کو مل بیٹھ کر، مذاکرات کے ذریعے، افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔