لاہور(کامرس رپورٹر ) چین کے قونصل جنرل ژائو شیرین نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان مختلف شعبوں میں اشتراک باہمی تجارت کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے، قونصل خانہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے کیلئے مکمل تعاون کرے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پالیسی، ٹیکسیشن اور ڈیوٹی ٹیرف کے حوالے سے بعض مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ویزا مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔ سینئر نائب صدر رحمن عزیز چن، نائب صدر حارث عتیق اور سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ لاہور چیمبر پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی سمت دی ہے، یہ عظیم الشان منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی اہم تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستانی درآمدات و برآمدات کے حوالے سے بالترتیب پہلے اور دوسر ے نمبر پر ہے۔
سی پیک، پاکستان کی تقدیر بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،نعمان کبیر
Jun 24, 2022