فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ سابق اورموجودہ حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت ٹیکسٹائل سیکٹر زبوں حالی کا شکار ہے۔ ایک لاکھ سے زائد پاور لومزفیکٹریاں بند ہونااور ملکی برآمدات میںنمایاں کمی کی اطلاعات تشویشناک ہیں۔ فیکٹریاں اور کارخانے بند ہونے سے لاکھوں ہنرمندافراد بے روزگارہوچکے ہیں۔لاگت میں بے پناہ اضافہ کے باعث انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی ڈیمانڈ کم ہو چکی جبکہ ان کی جگہ بھارت،بنگلہ دیش،چین اورملائیشیاکی صنعتیں لے چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے باعث عوام کی زندگی دوبھرہوگئی ، رہی سہی کسربے روزگاری نے پوری کردی ہے۔عوام کو ان کی جائزکمائی کاصلہ ملناتودور رشوت خوری اور اقرباپروری کے کلچرنے مزدورسے دووقت کی روٹی تک چھین لی ہے۔مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی اور خود کشی تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے پاس ملک میں بڑھتی بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوئی وژن نہیں۔