لاہور ( خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جاتی امرا میں مریم نوازشریف سے ملاقات کی،جس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ساجد میر نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کا احوال بھی بتایا اور اہم پیغام بھی پہنچایا۔مریم نوا زنے کہا کہ ہمیں عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ مہنگائی اور دیگر مسائل کا تمام قومی سیاسی جماعتوں نے ملکر مقابلہ کرنا ہے۔ بدقسمتی سے عمرانی حکومت نے ملک کی چولیں ہلا کر رکھ دی ہیں، ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے وقت لگے گا۔ ایک پارٹی تنہا ملک کو مسائل کے دلدل سے باہر نہیں نکال سکتی۔ عمرانی حکومت پاکستا ن کو عالمی تنہائی کا شکار کرکے گئی۔ عمرانی فتنہ احتجاج کے نام پر ایک بار پھر فساد کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ہم ان پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اب ان کے چہروں کے نقاب اتر گئے ہیں۔ مریم نواز نے پروفیسر ساجد میر کی جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے آمریت کے ہردور میں جمہوریت کا جھنڈا بلند کیے رکھا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہمیں ملک پاکستان عزیز ہے۔ پی ڈی ایم کو بحرانی حالات میں حکومت کا کوئی شوق نہیں تھا۔ ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے عمران خان کو اقتدار کی کرسی سے اتارنا ناگزیر ہو چکا تھا۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی کامیابی کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔
عمرانی حکومت نے ملک کی چولیں ہلادیں ِ ، پاؤں پر کھڑا کرنے میں وقت لگے گا : مریم نواز
Jun 24, 2022