راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے قائمقام صدر عاصم محمود ملک نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے دو اعشاریہ تین ارب ڈالر کا رول آوٹ سمجھوتے کا خیر مقدم کیا ہے، ایک بیان میں قائم مقام صدر نے کہا کہ سمجھوتے سے مارکیٹ میں مثبت پیغام گیا ہے اور ایک دن میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، گزشتہ روز انٹر بنک میں ڈالر دو سو گیارہ روپے ترانوے پیسے کے مقابلے میں دو سو سات روپے تئیس پیسے پر بند ہوا، انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی کمی آئی ہے، بزنس کمیونٹی کو امید ہے کہ اسی تناسب سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔قائمقام صدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے، مالیاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے ذریعے طویل المدت پالیسیاں بنائی جائیں تا کہ سرمایاکار کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے حالیہ ٹی وی انٹرویو کے مطابق ورلڈ بنک اور ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب ترقیاتی پروگرام کی منظوری خوش آئند ہے اس سے معیشت مستحکم ہو گی اور بیرونی ادائیگیوں میں آسانی ہو گی اور ترقیاتی منصوبوں میں تیزی آئے گی۔اس کے ساتھ ساتھ روپے کی قدر بڑھے گی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں غیر یقینی کی کیفیت ختم ہو گی۔