لاہور (سٹاف رپورٹر)نیب لاہور نے ایک ارب مالیت پر مشتمل چیک متاثرین کو حوالہ کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ابتدائی طور پر متاثرین کی انویسٹ کی گئی رقم کا 7فیصد پہلی قسط کے طور پر انہیں فوری ادا کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے نیب لاہور کے افسران نے نیب ہیڈ کوارٹرز سے باقاعدہ منظوری کیلئے رابطہ بھی استوار کر لیا ہے تاکہ متاثرین کو جلد از جلد ادائیگی کا آغاز کیا جاسکے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں نیب لاہور نے ایڈن انتظامیہ سے 16 ارب مالیت کی تاریخی پلی بارگین کی ہے۔ ایڈن سکینڈل کی پلی بارگین کو لاہور کی احتساب عدالت سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے۔ 11 ہزار سے زائد متاثرین نے ایڈن ہائوسنگ پراجیکٹس میں مجموعی طور پر 13 ارب کی انویسٹمنٹ کی تھی تاہم ایڈن انتظامیہ وعدہ کے مطابق متاثرین کو مکانات و پلاٹ دینے سے قاصر رہی اور متاثرین کیجانب سے نیب سے رابطہ کیا گیا۔ نیب لاہور حکام نے متاثرین کو برآمد کروائی رقم کی فراہمی کی رپورٹ نیب ہیڈ کوارٹرز کو ارسال کر دی ہے جس پر منظوری ملتے ہی نیب لاہور میں تمام متاثرین کو رقوم فراہمی کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان روشن ہو چکا ہے