ہرنائی/ دْکی (نامہ نگاران)حالیہ پری مون سون بارشوں نے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے ، ہرنائی کے علاقے سپین تنگی میں سیلابی ریلا دو خواتین اور ایک بچی سمیت تین افراد کو بہا کر لے گیا تھا، جن میں سے بچی کی نعش مل گئی جبکہ دو خواتین لاپتہ ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے نو افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 21 افراد زخمی اور چار لاپتہ ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ہرنائی اور دْکی میں کافی نقصان پہنچاہے اس کے علاوہ دو پل اور ایک کلومیٹر ریلوے ٹریک بھی کچھ متاثر ہوا ۔ اسی طرح 366 مال مویشی ہلاک ہوئے اور 329 سولر پلیٹس کو نقصان پہنچا ۔ دْکی میں بھی بارشوں کے باعث سیلابی ریلا چار افراد کو بہا کر لے گیا جن میں سے ایک مرد اور خاتون کی لاش برآمد کرلی گئی جبکہ دو لاپتہ ہیں۔کئی علاقوں میں پانی سے بند ٹوٹ گئے ہیں اور خانہ بدوش افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔‘ دْکی کوہلو شاہراہ پر پانی کے باعث آمدورفت معطل ہے جبکہ سیلابی ریلوں کے باعث بے گھر ہونے والوں کی امداد کے لیے ریلیف کا سامان بھی پہنچ گیا ۔ بعض علاقوں میں گھروں کے منہدم ہونے کی بھی اطلاع ہے۔