ماسکو‘ کیف(آئی این پی+ این این آئی) یوکرائن کی سرحد کے قریب واقع روسی آئل ریفائنری پر ڈرون حملے ہونے سے ترسیل کا عمل معطل کردیا گیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق روسی آئل ریفائنری کی عہدیدار نے بتایا کہ ڈرون کے حملے سے کروڈ ڈسٹلیشن یونٹ تباہ ہوگیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ یوکرائنی میڈیا نے دعویٰ کیا حملے میں یوکرائن ملوث ہے۔ یوکرائنی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرائن پر حملے کے بعد ویسا ہی کیا جیسا کہ نازی جرمنی نے 22 جون 1941 کو سویت یونین پر حملے کے بعد کیا تھا۔ وولودمیر زیلنسکی نے دوسری عالمی جنگ کی سالگرہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ 22 جون کو یوم غم ہے اور جنگ کے متاثرین کو یاد کرنے کا دن ہے۔ بیسویں صدی میں لڑی جانے والی ایک ایسی جنگ جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جانا چاہئے تھا اور جسے کبھی دہرایا نہیں جانا چاہئے تھا۔ لیکن اسے دہرایا گیا۔ زیلنسکی نے کہا کہ مجھے یہ کہنے میں کوئی قباحت نہیں ہے کہ نازیوں نے 22 جون 1941کو جیسا کیا تھا روس نے بھی 24 فروری کو ویسا ہی کیا۔ اپنے وطن کو ہرحال میں آزاد کرانا ہے اور فتح حاصل کرنی ہے۔ لیکن تیزی کے ساتھ بہت زیادہ تیزی کے ساتھ۔ یہ ہمارا قومی ہدف ہے، اور اسے حاصل کرنے کے لیے ہمیں یومیہ بنیاد پر کام کرنا ہوگا۔
یوکرائن