پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات عوام کے دلوں میں بستے :صدر مملکت

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں،دونوں قومیں مشترکہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی مثالی دوستانہ تعلقات کی حامل ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں ترکی کے سبکدوش ہونے والے سفیر احسان مصطفیٰ یرادکل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پرصدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں ۔ دونوں قومیں مشترکہ سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی مثالی دوستانہ تعلقات کی حامل ہیں ۔امید ہے کہ باہمی طور پر فائدہ مند کثیر الجہتی تعلقات مستقبل میں بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے ۔ ترکی اور پاکستان نے دیگر مسلم ممالک کے ساتھ او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت مختلف فورمز پر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ مشترکہ کاوشوں کی بدولت اقوام متحدہ نے 15 مارچ اسلاموفوبیا سے مقابلے کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ اسلامو فوبیا دنیا بھر میں اور بالخصوص بھارت میں بڑھ رہا ہے۔ ہندوستان میں تمام مذہبی اقلیتوں، خاص طور پر مسلمانوں کوبلا خوف و خطر ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔بھارت میں مسلمانوں کے گھروں اور عبادت گاہوں کو مسمار کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی علامتوں اور شخصیات کی توہین کی گئی۔ صدر مملکت نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکی کی جانب سے پاکستان کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔ دونوں ممالک قبرص، غیرقانونی بھارتی زیرِتسلط جموں و کشمیر اور اقوام متحدہ کی تشکیل نو کے معاملے پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو اسلام آباد میں اپنی مدت ملازمت کی تکمیل پر مبارکباد بھی دی ۔ صدر مملکت نے پاک ترک دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں سفیر کے ذاتی کردار کو بھی سراہا ہے۔
صدر مملکت

ای پیپر دی نیشن