لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے تمام فصلوں کیلئے ہائی ٹیک ہائبرڈ بیجوں کا استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔گزشتہ روز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت اس کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی عالمی لہر اور کچھ دیگر خطرناک و پریشان کن چیلنجز کے پیش نظر ہمیں اپنے زرعی شعبہ کو جدید سائنسی خطوط پر تبدیل کرنا ہوگا تاکہ بمپر پیداوار کو یقینی بنا کر بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے اثرات سے دنیا کی شائد ہی کوئی زرعی منڈی محفوظ رہی ہو۔ بحیرہ اسود کے علاقے کے اندر اور باہر لاکھوں لوگوں کو غذائی تحفظ کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ جنگ کی وجہ سے یوکرین اور روس سے خوراک کی برآمدات رک گئی ہیں، خاص طور پر گندم، مکئی اور سورج مکھی کے تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، ان اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ، متبادل مصنوعات کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے،کھانا پکانے کے تیل کے متبادل تلاش کئے جا رہے ہیں۔ شہزاد علی ملک نے کاشتکاروں اور کسانوں میں ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کے استعمال کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مکمل تعاون کی پیشکش کرنے کا اعلان کیا۔ جس سے نہ صرف فصلوں کی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کے منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔
i`زرعی شعبہ کو جدید سائنسی خطوط پر تبدیل کرنا ہوگا،شہزاد علی ملک
Jun 24, 2022