ومبلڈن اوپن:جوکووچ آئیگا سویٹیک ٹاپ سیڈڈ قرار

کراچی( سپورٹس ڈیسک) سربیا کے ومبلڈن اوپن کے دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک آئیگا سویٹیک 27 جون سے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں شروع ہونے والے ومبلڈن اوپن کیلئے ٹاپ سیڈڈ قرار پائے ہیں۔ روسی اور بیلاروسی کھلاڑی یوکرائن پر جاری حملے کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد لائن اپ سے غیر حاضر تھے۔
روس کے ٹینس سٹار ڈینیل مدویدیف مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں لیکن وہ ومبلڈن اوپن میں شرکت نہیں کر پائیں گے کیونکہ ومبلڈن کے منتظمین نے اپریل میں روس کے یوکرائن پر حملے کے بعد رواں سال کے گرینڈ سلام میں روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔جرمنی کے عالمی نمبر دو الیگزینڈر زیویریف بھی ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں، ومبلڈن کے اے ٹی پی مقابلوں میں سربیا کے عالمی نمبر تین اور ومبلڈن کے دفاعی چیمپئن نوواک جوکووچ سیڈنگ کی سربراہی کریں گے، وہ آل انگلینڈ کلب میں ساتویں ومبلڈن اوپن ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گے اور اپنے کیریئر کی 21 ویں گرینڈ سلام ٹائٹل کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔سپین کے رافیل نڈال سیکنڈ سیڈ ہوں گے۔ناروے کے کیسپر رڈ تھرڈ، یونان کے سٹیفانوس فورتھ اور سپین کے کارلوس الکاراز ففتھ سیڈڈ قرار پائے ہیں۔، سوئس سٹار راجر فیڈر شرکت نہیں کر پائیں گے۔خواتین کے سنگلز مقابلوں کی عالمی رینکنگ میں پولینڈ کی آئیگا سویٹیک کو ٹاپ سیڈقرار دیا گیا ہے، اسٹونیا کی اینیٹ کونٹاویٹ سیکنڈ، تیونس کی اونس جبیرتھرڈ، سپین کی پاؤلا بدوسہ فورتھ اور یونان کی ماریہ سکاری ففتھ سیڈ قرار پائیں ہیں، سرینا ولیمز کو وائلڈ کارڈ پر داخل کیا گیا اور وہ غیر سیڈڈ بھی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن