لاہور(نیوز رپورٹر ) استحکام پاکستان پارٹی کی تنظیم سازی کا اہم مرحلہ شروع ہو گیا۔محمود مولوی کو استحکام پاکستان پارٹی سندھ کا صدر مقرر کردیا گیا ہے۔سندھ کے نئے صدر محمود مولوی کو تقرری کا نوٹیفکیشن لاہور میں پارٹی صدر عبدالعلیم خان اور سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے کیا ۔ استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کا کام تیز کردیا گیا ہے جس کے تحت صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت لاہور میں منشور کمیٹی کا مسلسل دوسرے روز بھی اجلاس ہوا۔اجلاس میں زرعی شعبے کی ترقی اور صنعتی پہیہ تیز کرنے کے نکات پر مشتمل تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ غربت کے خاتمے اور جمہوری اقتدار کا فروغ منشور کے اہم نکات میں شامل ہوگا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار تمام طبقات کی امنگوں کا ترجمان منشور جاری کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم مل کر پاکستان کے لئے مضبوط معاشی اور سماجی ترقی کی بنیاد تعمیر کرے گی۔
علیم خان